یلاپور 25/ڈسمبر (ایس او نیوز) ایک خاتون اور اس کی بیٹی جو جمعہ کو لاپتہ ہوگئی تھی، اُن دونوں کی نعش پیر کو لعل گلی کے ایک فارم ہائوس کے ایک کھلے کنویں سے برآمد ہوئی ہیں۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق مہلوک کی شناخت مالنی رام چندرا پٹگار (36) اور اس کی بیٹی میگھنا (11) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ دونوں اپنے گھر سے جمعہ کی دوپہر کو نکلے تھے، جس کے یلاپور پولس تھانہ میں گمشدگی کی شکایت درج کی گئی تھی۔
پیر کو گائوں کے ایک شخص نے ایک کھلے کنویں میں دو لاشوں کو تیرتے ہوئے دیکھ کر دیگر لوگوں اور پولس کو خبر دی اور یلاپور سرکل پولس انسپکٹر منجوناتھ نائک، پی سی آئی چندرشیکھر سمیت دیگر پولس اہلکار جائے وقوع پر پہنچ کر دونوں لاشوں کو باہر نکالا اور یلاپور تعلقہ اسپتال منتقل کیا۔
ابھی تک ان کی موت کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے اور پولس ان کےرشتہ داروں اور خاتون کے شوہر سے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔
رام چندر پٹگار نے پولس کو بتایا ہے کہ مالنی گذشتہ چھ ماہ سے کسی سے بات نہیں کررہی تھی اور اپنے آپ میں گم رہتی تھی، مگر 21ڈسمبر کو دوپہر قریب دو بجے وہ گھر سے بیٹی کے ساتھ نکلی تھی، پھر واپس نہیں آئی۔ ماں اور بیٹی کی موت پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے۔ اور پولس پورے معاملے کی چھان بین میں لگ گئی ہے۔